ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے وزیر نارائن گوڈا مشکل میں۔ مقدمہ چلانے گورنر کی اجازت

کرناٹک کے وزیر نارائن گوڈا مشکل میں۔ مقدمہ چلانے گورنر کی اجازت

Fri, 19 Feb 2021 22:18:45    S.O. News Service

بنگلورو،19؍فروری(ایس او نیوز) کرناٹک کے وزیر برائے کھیل اور امورنوجوانان کے سی نارائین گوڈا جمعرات کے روز اس وقت سخت مشکل میں آ گئے جب انتخابات کے مرحلہ میں ان کی طرف سے انتخابی کمیشن کو اپنے اثاثوں کے بارے میں جو حلف نامہ دیا ہے اس میں غلط معلومات فراہم کرنے کے الزامات کی جانچ کرنے کے لئے ان پر مقدمہ چلانے کے لئے گورنر نے منظوری دیدی۔

نارائن گوڈا پر مقدمہ چلانے کے لئے گورنر کی طرف سے اجازت مل جانے کے پیش نظر ممکن ہے کہ انہیں وزارت سے استعفیٰ بھی دینا پڑے۔سماجی کارکن دنیش کی طرف سے گورنر واجو بھائی والا سے درخواست کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کی کو نارائن گوڈا کی طرف سے غلط معلومات کی فراہمی کے معاملہ میں ان پر مقدمہ چلانے کی اجازت دی جائے۔ گورنر نے اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے وزیر کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازدت دے دی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ وزیر کے خلاف مقدمہ چلانے کے لئے گورنر کی طرف سے منظوری کے بعد راج بھون سے چیف سکریٹری کے دفتر کو مطلع کیا گیا ہے کہ نارائن گوڈا کے خلاف جو الزامات عائد ہیں ان کی جانچ کی جائے اور اگران پر لگائے گئے الزامات میں سچائی ہے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔گورنر کے اس اقدام کے سبب سیاسی حلقوں میں یہ مانا جا رہا ہے کہ نارائین گوڈا کو وزارت سے استعفیٰ دینا پڑ سکتا ہے۔


Share: